Islamic Centre Of Noorbakhshi StudiesPRESERVING HERITAGE - ADVANCING KNOWLEDGE
Page

Sofia Noorbakhshia

واعلم ان مذھب الصوفیہ ھوالمیزان المستقیم والطریق الحق والیقین

تعلیمات صوفیہ نوربخشیہ

صوفیہ نوربخشیہ ایک اسلامی فقہی مکتبِ فکر ہونے کے ساتھ ساتھ ایک صوفی سلسلۂ طریقت بھی ہے۔ اس کی تعلیمات قرآنِ مجید اور شریعتِ محمدیہ ﷺ (کما کانت فی زمانہٖ) کی معتدل تعبیر پرمبنی ہیں، یعنی شریعت کو اسی صورت میں اپنانا جیسی وہ عہدِ نبوی ﷺ میں رائج تھی۔ تاریخ کے مختلف ادوار میں یہ سلسلہ معروفیہ، کبرویہ اور ہمدانیہ کے ناموں سے بھی معروف رہا ہے۔ دورِ حاضر میں اس کے پیروکار عظیم صوفی اور فقیہ حضرت امام سید محمد نوربخش قدس اللہ سرہٗ کی فقہ پر عمل پیرا ہونے کی نسبت سے "نوربخشی" کہلاتے ہیں۔

ائمۂ کرام اور بزرگانِ صوفیہ نے دینِ اسلام کے ظاہری اور باطنی دونوں پہلوؤں پر عمل کے لیے ہمیشہ شریعت، طریقت، حقیقت اور معرفت کی تعلیم دی ہے۔ اسی بنا پر نوربخشی مسلمان ان چاروں دینی مراحل پر کماحقہٗ عمل پیرا رہنے کی بھرپور کوشش کرتے ہیں۔

عصرِ حاضر میں سلسلۂ نوربخشیہ کے پیروکار پاکستان کے علاوہ بھارت، ایران اور وسطی ایشیا کے ممالک میں بھی موجود ہیں، اگرچہ مختلف خطوں میں ان کے طریقِ عمل میں معمولی فرق پایا جاتا ہے۔

اصول و فروع

 دین اسلام کے اصول و فروع  یعنی بنیادی عقائد و اعمال کا منبع و مصدر کتاب اللہ اور سنت رسول ﷺ ہے۔ اصول سے مراد اسلام کے بنیادی عقائد اور فروع سے مراد اسلامی شرعی احکام ہیں۔ صوفیہ نوربخشیہ کے اصول دین کا مآخذ قرآن مجید ہے اور درج ذیل حکم خداوندی کی اتباع پر مبنی ہے۔

ارشاد باری تعالیٰ ہے۔

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا آمِنُوا بِاللَّهِ وَرَسُولِهِ وَالْكِتَابِ الَّذِي نَزَّلَ عَلَى رَسُولِهِ وَالْكِتَابِ الَّذِي أَنْزَلَ مِنْ قَبْلُ وَمَنْ يَكْفُرْ بِاللَّهِ وَمَلائِكَتِهِ وَكُتُبِهِ وَرُسُلِهِ وَالْيَوْمِ الآخِرِ فَقَدْ ضَلَّ ضَلالا بَعِيدًا (القرآن)

ترجمہ: اے ایمان والو تم اللہ پر، اس کے رسولﷺ پر اور اس کی کتاب پر جو اس نے اپنے رسولﷺ  پر نازل کی ہے ایمان لاو۔ اور جس شخص نے خدا، اس کے رسولﷺ ،اس کے فرشتوں، اس کی کتابوں اور اس کے  رسولوں اور آخرت سے انکار کیا وہ بہت دور کی گمراہی کا شکار ہو گیا۔

پس ازروئے قرآن بلا کم و کاست ان پانچ چیزوں پر عقیدہ رکھنا ایمان کی بنیادی شرط ہے۔ چنانچہ صوفیہ نوربخشیہ کے پیروکار اپنے ایمان کا اعلان ان الفاظ سے کرتے ہیں۔

آمنت باللہ و ملئکتہ و کتبہ و رسلہ والیوم الآخر

اس کلمہ کا نام صوفیہ نوربخشیہ کے ہاں" کلمہ بنائے ایمان" ہےاور قابل توجہ بات یہ ہے کہ صرف اہل صوفیہ کا کلمہ بعینہ قرآن کی نص صریح سے مطابقت رکھتا ہے

اس طرح صوفیہ نوربخشیہ کے فروع دین پانچ ارکان اسلام پر مشتمل ہے

                              ۔1-  کلمہ شہادتین                    2۔ صلوۃ خمسہ         3۔ صوم رمضان     4۔ زکوٰۃالمال       5۔  حج بیت اللہ

یہ کلمات درج ذیل حدیث مبارکہ پر مبنی ہے۔

بنی الاسلام علی خمس شہادۃ ان لاالہ الا اللہ وان محمد رسول اللہ واقام الصلاۃ وایتاءالزکاۃ والحج وصوم رمضان

ترجمہ: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اسلام کی بنیاد پانچ چیزوں پر قائم کی گئی ہے اول یہ گواہی دینا کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور بے شک حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اللہ کےسچے رسول ہیں اورنماز قائم کرنا، زکوۃ ادا کرنا ، حج کرنا اور رمضان کےروزے رکھنا ۔

مزید برآں بزرگان صوفیہ نوربخشیہ نے چودہ کلمات پر مشتمل ایک روحانی نعرہ ترتیب دیا ہے۔ جو  دعوات صوفیہ کے علاوہ مختلف کتابوں میں مندرج  ہیں۔ اور جس سے اس مسلک کے بنیادی تعلیمات پر روشنی پڑتی ہے۔ و ہ کلمات یہ ہیں۔

تعلیمات صوفیہ کی انفرادیت

واضح رہے کہ نوربخشیہ ایک سلسلہ تصؤف اور ایک فقہی دبستان ہونے کے علاوہ ایک تحریک بھی ہے اور اس تحریک کے بنیادی مقاصد رفع اختلاف من بین المسلمین اور دعوت اتحادہیں۔ خود میر سید محمد نوربخش نےمذہب صوفیہ کو اتحاد عالم اسلام کے لیےایک بہترین پلیٹ فارم قرار دیا ہے چنانچہ فرماتےہیں۔

               واعلم ان مذھب الصوفیہ ھو میزان المستقیم والطریق الحق والیقین ۔ ۔ ۔ ۔ لایشعرون

ترجمہ:      جان لے کہ مذہب صوفیہ سیدھے ترازو کی مانند ہے۔ اور حق اور یقین کا راستہ ہے جس میں کوئی غلو، کمی،نقصان، زیادتی، افراط و تفریط نہیں ہے۔ جیسا کہ قرون اولی میں اسلام کی یہی صورت تھی۔ یہ وہ مذہب ہے جس کے متعلق بھلائی کی شہادت دی جا چکی ہے۔ مگر اکثر لوگ شعور نہیں رکھتے۔ اور وہ نفرت و عداوت کی بیماری میں مبتلاہو گئے ہیں انہوں نےموٹی موٹی کتابیں لکھ کر ایک دوسرے پر بہتان تراشیاں کیں۔ ان میں سے بعض نے بنی آخرالزمانﷺ کی آل، آپ کے ازواج اور ان کے بعد کے لوگوں متعلق محبت اور عداوت میں غلو اختیار کیا اور استقامت اور اعتدال کا دامن ہاتھ سے چھوڑ دیا۔( بحوالہ کتاب سلسلۃ الذہب)

               اس عبارت میں امام نوربخش نے مذہب صوفیہ کی نمایاں ترین خصوصیات اس کی وسیع النظری، اعتدال پسندی اور میانہ روی کو قرار دیا ہے۔ اہل صوفیہ جہاں اہل بیت اطہار علیہم السلام سے والہانہ عقیدت رکھتے ہیں وہاں اصحاب و ازواج نبیﷺ کا بھی اسی طرح احترام کرتے ہیں۔ موجودہ دور میں اتحاد بین المسلمین کی بنیادی شرط بھی یہی ہے کہ حضور پاک ﷺ کی آل اطہار، اصحاب کبار اور ازواج مطہرات سب کو قابل تکریم سمجھا جائے۔

Five new manuscripts of Fiqh Ahwat - Sirajul Islam have been added to the Manuscripts section.All issues of Nawa-e-Sofia and Jahan-e-Tasawuf are available in the Periodical section.